| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین: مشترکہ بحری مشقیں
چین کے شمال مشرقی ساحل پر پاکستان اور چین نے مشترکہ بحری مشقیں شروع کر دی ہیں۔ یہ تین روزہ مشقیں منگل کو شروع ہوئیں اور پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چین نے کسی اور ملک کے ساتھ مشترکہ مشقیں کی ہوں۔ پاک بحریہ کے ترجمان کوموڈور شاہد نبیل کا کہنا ہے کہ اس عمل کے لئے پاکستان کے دو ہیلی کاپٹر، دو فضائی جہاز اور دو بحری جہاز ’بابر‘ اور ’ناصر‘ ، چین گئے ہیں۔ ان مشقوں میں دونوں ممالک کے تقریباً سولہ سو افراد شامل ہیں۔ یہ مشقیں شنگھائی کے شمال مشرقی ساحل پر ہو رہی ہیں۔ پاک بحریہ کے مطابق مشقیں کرنے کا فیصلہ جولائی میں پاکستان فوج کے نائب چیف آف سٹاف جنرل محمد یوسف خان کے چین کے دورے کے وقت کیا گیا تھا۔ جنرل یوسف خان نے یہ دورہ بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے چین کے دورے کے بعد کیا تھا۔ کئی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورے کے بعد پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے روائتی تعلقات از سر نو مضبوط بنانے کی کوششیں کی ہیں۔ چین پاکستان کو دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے والے ممالک میں اول درجہ پر ہے۔ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف بھی نومبر میں چین کا دورہ کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||