| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور: لشکر کے ارکان گرفتار
لاہور پولیس نے بدھ کو کالعدم تنظیم ’لشکر جھنگوی‘ کے دو کارکنوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک کے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر تھی۔ گرفتار ہونے والوں میں ملزم عبدالمنان عرف عبدالرحیم عرف ندیم بھی شامل ہے کی گرفتاری پر پانچ لاکھ انعام مقرر تھا اور جس کا تعلق چک تین سو انہتر تحصیل دنیا پور لودھراں سے بتایا جاتا ہے۔ گرفتار ہونے والے دوسرے شخص کا نام محمد بشیر ولد نصیر الدین بتایا گیا ہے جس کا تعلق ضلع فیصل آباد سے ہے۔ ملزمان کے پاس سے جعلی شناختی کارڈ، جعلی پاسپورٹ، دو کلاشنکوف رائفل اور سائلینسر سمیت ایک پستول اور پچپن گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بہاولپور کے ایک پولیس افسر کوثر عباس گیلانی اور میلسی کے جاوید شاہ کے قتل میں ملوث ہونے کا اقرار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں دہشت گردوں کو رینجرز انٹیلی جنس نے لاہور کے سرحدی علاقہ باٹا پور تھانہ کے کھیر والا گاؤں سے دو دن پہلے گرفتار کیا تھا اور تفتیش کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||