| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولیس پر حملے کا ملزم گرفتار
سرگودھا میں بدھ کو ایک شخص نے پولیس کے دو اہلکاروں کو گولیاں مار کر زخمی کرنے کے بعد ایک گھر میں گھس کر دو بچوں کو یرغمال بنا لیا جس کی وجہ سے پورے علاقے میں پانچ گھنٹے تک دہشت پھیلی رہی۔ پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کی سہ پہر سرگودھا میں نہر کے کنارے پر پولیس نے ایک مشکوک شخص کو روک کر پوچھ گچھ کرنے کی کوشش کی تو اس نے گولیاں مار کر دو پولیس اہلکاروں نعیم شاہ اور قیصر رضا کو زخمی کردیا اور سیٹلائیٹ ٹاؤن کے ڈی بلاک میں کہیں روپوش ہوگیا۔ ملزم کی تلاش کے لئے جب پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو اس نے ایک گھر میں گھس کر دو بچوں کو یرغمال بنا لیا جس کے بعد پولیس افسران چار گھنٹے تک اس سے مذاکرات کرتے رہے کہ وہ خود کو حکام کے حوالے کردے۔ ملزم کے نہ ماننے پر بالآخر شام چار بجے کے قریب پولیس نے خود کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کا نام بعد میں شعیب بلوچ معلوم ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق جھنگ سے ہے۔ تاہم ابھی تفتیش جاری ہے۔ سرگودھا پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آصف نواز نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں محسوس ہوتا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||