| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سیالکوٹ: عدالت سے چار قیدی فرار
سیالکوٹ کی ضلعی عدالت کے احاطے سے پیر کو قتل اور اقدام قتل کے الزامات میں ملوث چار زیر حراست قیدی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پیر کی صبح سیالکوٹ کی ضلعی عدالت میں جیل سے ایک سو سے زائد قیدی اپنے اپنے مقدمات کی سماعت کے لیے لائے گئے تھے۔ یہ تمام قیدی عدالت کے بخشی خانہ میں واقع حوالات میں زیر حراست تھے۔ ان قیدیوں میں قتل، اقدام قتل اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث چار قیدی قیصر بٹ، عرفان ولد جمیل، ہمایوں بشیر اور ندیم بشیر بھی شامل تھے۔ کچھ دیر بعد یہ قیدی بخشی خانے کے جنوبی حصہ میں واقع بیت الخلاء میں گھسے اور پھر وہاں کی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کے فوراً بعد ان قیدیوں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار بھی فرار ہوگئے۔
فرار ہونے والے قیدیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے چند ماہ قبل تھانہ حاجی پورہ میں ایک پولیس مقابلہ کے دوران تین پولیس اہلکاروں محمد افضل، محمد اشرف اور محمد نصیر کو فائرنگ کرکے ہلاک اور انسپکٹر انور گھمن سمیت چھ دیگر پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا۔ اس گروہ کا مبینہ سرغنہ سلیم پہلے ہی ہلاک ہوچکا ہے۔ سیالکوٹ میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے تھانہ سول لائنز نے قیدیوں کے فرار کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||