| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوہلو: ایف سی کا سپاہی ہلاک بلوچستان کے ضلع کوہلو میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر نا معلوم افراد نے اس وقت فائرنگ شروع کردی جب جمعہ کے روز علی الصبح تمبو کے علاقے میں گھروں کی تلاشی لے رہے تھے۔ اس فائرنگ میں فرنٹیئر کور کا ایک حوالدار ہلاک ہوا ہے ۔ کوئٹہ سے کوئی ساڑھے تین سو کلو میٹر دور شمال مشرق کی جانب ضلع کوہلو میں فرنٹیئر کور کی ایک ٹیم گھر گھر تلاشی لے رہی تھی تاکہ علاقے میں روپوش ان افراد کا سراغ لگایا جا سکے جو علاقے میں راکٹ فائرنگ اور دیگر تخریبی کاروائیوں میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ یہ آپریشن کوئی نیم شب کے وقت شروع کیا گیا فرنٹیئر کور کو مطلوب ایک ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران نا معلوم افراد نے ایف سی کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس سے ایک حوالدار محمد انور ہلاک ہو گیا ہے۔ اس کے بعد نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کچھ گھروں کو آگ لگا دی ہے اور تقریبا" پانچ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ کوہلو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس آپریشن میں کوئی دو سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا ہے۔ کوہلو کے نائب ناظم چنگیز مری نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس آپریشن میں زیادہ تر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف فرنٹئیر کور کا آپریشن تو دوسری جانب نامعلوم افراد کی جانب سے بارودی سرنگوں کے دھماکے اور راکٹوں کی فائرنگ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی لوگ اب اس علاقے سے ہجرت کا سوچ رہے ہیں۔ کوہلو کے علاقے میں قبائلی تنازعات اور کوئلے کی کانوں کی ملکیت پر بھی تنازعات پیش آتے رہتے ہیں جس سے کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||