BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 15 October, 2003, 15:27 GMT 20:27 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پی ٹی وی: لاہور میں ایوارڈ تقریب

پی ٹی وی

فنکاروں کو کسی بھی ایوارڈ سے نوازے جانے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

پاکستان جیسے ملک میں فنکاروں کے لئے ایوارڈ کا اجراء اس لحاظ سے اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے کہ یہاں فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

ملک کا سرکاری ٹیلی ویژن پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کارپوریشن ہے جو فنکاروں کو ہر سال دو سطحوں پر یعنی مرکزی اور علاقائی سطح پر کارکردگی کے ایوارڈ سے نوازتا ہے۔

علاقائی سطح پر پی ٹی وی کے پانچوں مراکز کے فنکاروں اور ہنر مندوں کو مختلف شعبوں میں ان کی کارکردگی کے ایوارڈ دیئے جاتے ہیں جبکہ مرکزی سطح پر ان تمام مراکز کے درمیان مقابلے کے بعد فنکاروں کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیئے جاتے ہیں۔

بدھ پندرہ اکتوبر کی شب پی ٹی وی لاہور کے زیر اہتمام علاقائی ایوارڈ کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا انعقاد لاہور آرٹس کونسل کے نورجہاں ہال میں کیا گیا۔ تقریب میں فنکاروں اور ہنر مندوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان میں ملنے والے دیگر ایوارڈز کے مقابلے میں پی ٹی وی کے ایوارڈز زیادہ مستند سمجھے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر شعبے کی فنکار اور ہنر مند کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرلے۔

اس برس پچیس مختلف شعبوں میں ان ایوارڈز کا اجراء کیا گیا۔ ایوارڈ دیئے جانے کا فیصلہ پی ٹی وی لاہور کی ایک کمیٹی نے کیا جس کے سربرا پی ٹی وی لاہور کے جنرل مینیجر طارق سعید تھے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں پروگرام مینیجر فرح بشیر، فنانس مینیجر محمد خورشید، انجینیئرنگ مینیجر محمد اے رانا اور ایڈمن مینیجر احسان الحق شامل تھے۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق اس سال توقیر ناصر کو بہترین اداکار کے ایوارڈ کا حقداد قرار دیا گیا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ثمینہ خالد کو ملا۔ انہیں یہ ایوارڈ پنجابی سیریل ’پکھی واس‘ میں عمدہ کارکردگی پر دیا گیا۔

بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ غیور اختر جبکہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ تسنیم کوثر کو ملا۔ انہیں بھی یہ ایوارڈ ڈرامہ ’پکھی واس‘ پر دیا گیا۔

انفرادی کھیل پر بہترین ڈرامہ نگار کا ایوارڈ محمد حفیظ خان جبکہ سیریل پر ایوارڈ جہانزیب قمر کو دیا گیا۔

بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ ثمینہ اقبال جبکہ بہترین لوک گلوکار کا ایوارڈ جمیل پروانہ اور نصیر مستانہ کی جوڑی کو دیا گیا۔

عباس نجمی بہترین کمپیئر جبکہ محسن رضا بہترین موسیقار قرار پائے۔ بہترین پروڈیوسر سیریل کا ایوارڈ محمد اسلم سیال جبکہ بہترین پروڈیوسر انفرادی کھیل کا ایوارڈ اسلم قریشی کو ملا۔

تقریب میں گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ ان میں شاہدہ منی، سائرہ نسیم، جواد احمد، ابراالحق اور عدیل برکی قابل ذکر ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد