| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان: امن فوج کے اختیارات میں اضافہ
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر ایک قرار داد کی منظوری دی ہے جس کے تحت افغانستان میں موجود بین الاقوامی امن فوج کابل کی حدود سے باہر نکل کر بھی اپنے فرائض انجام دے سکے گی۔ اس قرار داد کے بعد، جو کہ پندرہ۔ صفر سے منظور ہوئی اور جس میں سب ہی نے اپنے ووٹ ڈالے، نیٹو کی سربراہی میں موجود امن فوج اب دوسرے صوبائی شہروں میں بھی تعینات کی جا سکے گی۔ اس کا آغاز جرمنی کے فوجیوں سے ہو گا جو شمالی شہر کندوز بھیجے جائیں گے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی بہت عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوج کا اختیار وسیع کیا جائے۔ اس سے انہیں بھی کابل سے باہر اپنا کنٹرول مظبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ طالبان انتظامیہ کے باقیات اب بھی کئی صوبائی شہروں میں تقریباً روزانہ حملے کرتے ہیں۔ نیٹو کو اس سال اگست میں پانچ ہزار تین سو فوجیوں پر مشتمل امن فوج، ایساف، کی سربراہی سونپی گئی تھی۔ افغانستان آنے کے بعد نیٹو کے فوجی کابل کے اندر ہی محدود رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||