BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 19 September, 2003, 13:40 GMT 17:40 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سرحد: قائد حزب اختلاف نامزد

سرحد اسمبلی
حزب اختلاف نے آزاد رکن کو قائد نامزد کر کے نئی روایت قائم کی ہے

پاکستان کے صوبہ سرحد کی اسمبلی میں حزب اختلاف نے تقریبا دس ماہ کے بعد بلآخر اپنے قائد کا انتخاب کرلیا ہے۔ فیصلے کے مطابق مانسہرہ سے آزاد رکن اسمبلی شہزادہ گستاسپ خان کو مشترکہ حزب اختلاف کا قائد نامزد کیا گیا ہے۔

سرحد اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتیں گزشتہ دس ماہ سے ایوان میں اپنے قائد کے انتخاب میں سست روی سے کام لے رہی تھیں۔ اس کی وجہ اُن کے مطابق پیپلز پارٹی شیرپاؤ، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ق اور ن کے علاوہ آزاد اراکین پر مشتمل ان جماعتوں کے اراکین کی تقریبا ایک جیسی تعداد ہے جس کی وجہ سے ان کا کسی ایک شخص پر اتفاق نہیں ہو پا رہا تھا۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی میں ایک مشترکہ اجلاس میں ایوان میں آزاد اراکین کے ترجمان شہزادہ گستاسپ خان کو باقاعدہ طور پر اپنا قائد نامزد کیا۔ اس طرح حزب اختلاف نے ایک آزاد رکن کو قائد نامزد کر کے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔

اس بارے میں شہزادہ گستاسپ کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف میں ان سے کئی زیادہ اہل اور تجربہ کار لوگ موجود تھے لیکن انہیں نامزد کرنے کا مقصد آزاد اراکین کو آگے لانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آزاد اراکین نے حکومت کی ساتھ جانے کی بجائے حزب اختلاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

نئے نامزد ہونے والے قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ وہ ایوان میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت کے قول و فعل میں تضادات کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

شہزادہ گستاسپ کا تعلق صوبہ سرحد کے شمالی علاقے مانسہرہ کے ایک سیاسی خاندان سے ہے۔ وہ چار مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں اور گذشتہ اکتوبر میں نائب ناظم کی نشت چھوڑ کر صوبائی اسمبلی کے لئے لڑے تھے۔ اس کے علاوہ وہ چار مرتبہ صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ماسوائے ایک مرتبہ جب انہوں نے مسلم لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا وہ آزاد حثیت سے ہی منتخب ہوئے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد