’افغان پناہ گزینوں پر حکمت عملی فوج کی مشاورت سے‘

،تصویر کا ذریعہafp

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے عید کے بعد وطن واپس آنے پر افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے فوجی قیادت سے مل کر حکمت عملی طے کی جائے گی اور جس پر سختی سے عملدر آمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق حکومت کے فیصلے کے خلاف ایک بیان دے چکے ہیں۔ محمود خان اچکزئی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کے ایک اہم اتحادی ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے بعد سے شناختی کارڈ کی تصدیق کا عمل بھرپور طریقہ سے شروع کیا جائے گا جس میں جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جعلی شناحتی کارڈ کے ذریعے غیر ملکیوں نے نہ صرف پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیے بلکہ دو افراد نے فوج میں بھی نوکریاں حاصل کرلیں تاہم معلومات ملنے کے بعد ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔

اُنھوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ ملکی سلامتی سے متعلق ہے جس سے کسی طور پر بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اُنھوں نے کہا کہ جس طرح موبائل فون کی سموں کی تصدیق سے متعلق حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اسی طرح شناختی کارڈ کی تصدیق کے عمل میں بھی مشکلات درپیش ہیں تاہم وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت ان مشکلات پر قابو پالے گی۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں اس ماہ ہونے والے عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کروانے سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستانی فوج ضرب عضب کے علاوہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں لیکن اس کے باوجود یہ انتخابات فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں ہوں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ 22 ہزار کے قریب فوج اور پنجاب اور خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار چیف الیکشن کمشنر کی صوابدید پر ہوں گے۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیر انتظام کمشیر میں شفاف انتخابات مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔

پارلیمنمٹ میں حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے پاناما لیکس میں وزیر اعظم کو ہدف تنقید بنانے پر چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا شنانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کی موجودہ قیادت نے آج تک اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔