عبدالقوی رویت ہلال کمیٹی سے معطل، چاند نہیں دیکھ سکیں گے

،تصویر کا ذریعہNEO TV
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان میں مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے سوشل میڈیا کی مقبول شخصیت قندیل بلوچ کے ساتھ تصاویر شائع ہونے کے بعد مفتی عبدالقوی خان کی رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
اس کے علاوہ مفتی عبدالقوی کی مدرسہ تعلیمی بورڈ کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مذہبی ونگ کے سربراہ اس معطلی کے بعد عید کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے اس واقعہ کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں اس وقت تک مفتی عبدالقوی کی رکنیت معطل رہے گی۔

مفتی عبدالقوی کی معطلی کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کی تعداد 25 رہ گئی ہے جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔
اس کمیٹی میں شامل افراد کو ماہانہ وظیفہ تو نہیں دیا جاتا البتہ جب رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے تو اس میں شریک ہونے والے افراد کو رہائش اور کھانا دینے کے علاوہ سفری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے منگل کے روز قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی رپورٹ وزیر مذہبی امور کو پیش کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مفتی عبدالقوی کی رکنینت معطل کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سینیٹر حافظ حمداللہ کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی کے اس اجلاس میں مفتی عبدالقوی خان کی قندیل بلوچ کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر کے چرچے رہے۔
قائمہ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عبدالقوی خان کو عید سے پہلے ہی عید کا چاند نظر آگیا ہے۔







