دہشتگرد ہر بار امن کی کوششیں تباہ کرتے ہیں: نواز شریف

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ٹیلیفونک بات چیت میں انھیں پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان کے ترجمان کے مطابق منگل کو ہونے والی بات چیت میں نواز شریف نے حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد امن عمل کو پٹڑی سے اتارنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اس واقعے پر بھارتی حکومت کی جانب سے ظاہر کی جانے والی بالغ نظری کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے اس حملے سے متعلق جو بھی معلومات فراہم کی جائیں گی ان پر تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’جب بھی دونوں ملکوں کے درمیان امن کے لیے سنجیدہ کوشش کی جاتی ہے دہشتگرد امن کے عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
دونوں وزرائے اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار اور تعاون پر مبنی تعلقات ہی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کا بھرپور جواب ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی وزیرِ اعظم سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ان تنظیموں اور افراد کے خلاف ٹھوس اور فوری کارروائی کرے جو پٹھان کوٹ میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں یا ان کا تعلق حملے کے ذمہ داران سے ہے۔
خیال رہے کہ پٹھان کوٹ میں حملے کی ذمہ داری کشمیری عسکریت پسند گروہوں کے اتحاد یونائیٹڈ جہاد کونسل نے قبول کی ہے جو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرِ پیکار ہے۔
پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان کو مخصوص اور قابلِ عمل معلومات فراہم کی جا چکی ہیں۔
اس سے قبل پیر کو پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بھی کہا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور حملے کے تناظر میں بھارتی حکومت سے ملنے والی معلومات پر کام کیا جا رہا ہے۔
پٹھان کوٹ پر شدت پسند حملہ سنیچر کی صبح شروع ہوا تھا اور بھارتی فوج اب بھی دو ہزار ایکڑ پر پھیلے وسیع احاطے میں تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس حملے اور اس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران چھ حملہ آور اور سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
’دہشت گردی کرنے والا پاکستان بھارت کا مشترکہ دشمن‘
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے بھارتی ریاست پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر شدت پسندوں کے حملے کے واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بی بی سی کے ریڈیو پروگرام سیربین کے میزبان شفیع نقی جامعی سے بات کرتے ہوئے کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک آمادہ ہیں کہ وہ کسی کے ہاتھوں امن کے عمل کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایسے لوگوں کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان امن کی بات چیت شروع ہونے پر اس کو ڈی ریل یا خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ’ یہ ہی اچھی بات ہے کہ ہم وہ نہیں ہونے دینے جا رہے جو دہشت گرد چاہتے ہیں، دہشت گردوں کی منشا کو پورا نہیں ہونے دیا جا رہا اور دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عزم پر قائم ہیں کہ وہ بات چیت کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کریں گی اور جو دہشت گردی کرے گا وہ دونوں کا مشترکہ دشمن ہے۔‘







