’ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے پانچ شہری زخمی‘

پچھلے مہینے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک (دائیں) اور پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق برکی کے درمیان سرحد پر فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے سلسلے میں ملاقات ہوئی تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپچھلے مہینے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک (دائیں) اور پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق برکی کے درمیان سرحد پر فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے سلسلے میں ملاقات ہوئی تھی

پاکستان کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ شکرگڑھ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سکیورٹی فورس بی ایس ایف کی ’بلا اشتعال‘ فائرنگ اور شینلگ سے پانچ پاکستانی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس کا بھرپور جواب دیا ہے۔

گذشتہ چند ماہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر سخت کشیدگی ہے اور دونوں طرف متعدد سکیورٹی اہلکار اور عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

دونوں ملکوں کے سکیورٹی حکام ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔

پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے فائر بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ فائر بندی کے 2003 کے سمجھوتے پر عمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ اگست میں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا گذشتہ دو ماہ کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی 70 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہیں۔