کوئٹہ میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق

کوئٹہ

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں پولیو کے ورکرز پر کئی مرتبہ حملے ہو چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیو کے نئے کیس کی تصدیق کوئٹہ شہر میں مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ہوئی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اس علاقے میں ایک تین سالہ بچے میں پولیو کا وائرس پایا گیا۔

اس سے ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کر کے اسلام آباد بھجوائےگئے تھے جہاں سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بچے کو اب تک پولیو سے بچاؤ کی سات خوراکیں پلائی جا چکی ہیں۔

نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد کوئٹہ میں پولیوکے کل کیسز کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں رواں سال کے دوران اب تک پولیو کے کل چھ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ باقی دو کیسز میں ایک کی تصدیق افغانستان سے متصل ضلع قلعہ عبد اللہ جبکہ دوسرے کی تصدیق لورالائی میں ہوئی ہے۔

اس سے قبل کوئٹہ کےگندے پانی کے نکاس کے نالوں میں پولیو کے وائرس کی موجودگی کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔

کوئٹہ شہر کے ماحول میں بڑے پیمانے پر پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث شہر کی تمام 61 یونین کونسلوں کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔