پشتون ثقافت ڈے، ’سکولوں میں اتنڑ متعارف کرانے کی کوشش کروں گا‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بنایا ہے
،تصویر کا کیپشنوزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بنایا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں 23 ستمبر کو عالمی پشتون ثقافت کے دن کے طور پر منایا گیا۔

کوئٹہ شہر میں اس حوالے سے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

23 ستمبر کو پشتون ثقافت کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ عالمی پشتو سیمنار میں کیا گیا تھا جو کہ 12 سے 14ستمبر تک کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

کوئٹہ شہر میں اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سبزہ زار پر منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں بچے بھی شامل تھے۔

لوگوں نے نہ صرف اس دن کی مناسبت سے روایتی پگڑی پہن رکھی تھی بلکہ روایتی لباس بھی زیب تن کیا ہوا تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بنایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ سکولوں میں روایتی اتنڑ (پشتون رقص) کو بھی متعارف کرائیں تاکہ ہمارے بچے بھی اپنی ثقافت سے آگاہ ہوں۔

دنیا میں بسنے والے تمام پشتونوں کے لیے 23 ستمبر تاریخی اہمیت کا حامل ہے: صوبائی وزیر اطلاعات
،تصویر کا کیپشندنیا میں بسنے والے تمام پشتونوں کے لیے 23 ستمبر تاریخی اہمیت کا حامل ہے: صوبائی وزیر اطلاعات

’ہمیں پشتو موسیقی، رباب اور بلوچی موسیقی کے سروز کو زندہ کرنا ہوگا کیونکہ موسیقی سے انسان کو سکون ملتا ہے۔‘

صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارت وال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بسنے والے تمام پشتونوں کے لیے 23 ستمبر تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

اس دن کو پشتون ثقافت کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ پشتو عالمی کانفرنس کے موقعے ہوا تھا جس کو انھوں نے عملی جامہ پہناتے ہوئے آج کے دن تقریبات کا اہتمام کیا۔