کراچی اموات: ’ذمہ دار اداروں کا شفاف انداز میں احتساب ضروری‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
وزیرِ اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کراچی میں شدید گرمی سے ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری تمام متعلقہ اداروں پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہییں۔
وزیرِ اعظم آج مختصر دورے پر کراچی پہنچے جہاں انھوں نے وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقعے پر وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کراچی میں گرمی سےتقریباً 1250 اموات ہوئی ہیں جبکہ گرمی سے متاثر 65 ہزار افراد کو ہسپتالوں میں داخل کروایا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں شدید گرمی کے باعث ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس موقعے پر پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے اور اس واقعے کے ذمہ دار اداروں کا شفاف انداز میں احتساب کیا جانا چاہیے۔
اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری صالح فاروقی نے شرکا کو کراچی کے لیے ’گرین لائن بس سروس‘ کے بارے میں بریفنگ دی جسے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو بطور تحفہ قرار دیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ گرین لائن بس سروس 17.8 کلومیٹر طویل روٹ پر چلائی جائے گی۔
اس پروجیکٹ پر 16 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں سے آٹھ ارب وفاقی حکومت ادا کرے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجلاس میں کراچی کو اضافی 26 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی بات ہوئی جس کے اخراجات کو وفاقی اور سندھ حکومت مل کر پورے کریں گے۔
وزیرِ اعظم کے ساتھ اس دورے میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، سافران کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ اور سینیٹر مشاہد اللہ بھی موجود تھے۔








