عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے آرڈیننس جاری

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان میں 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر ہونے والی دھاندلی کا پتہ لگانے کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کا صدارتی حکمنامہ جاری ہوگیا ہے۔
سرکاری ریڈیو کے مطابق صدر ممنون حسین نے عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے آرڈیننس جاری کردیا ہے۔ یہ کمیشن 45 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ شب حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
حکومت کی جانب سے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور تحریکِ انصاف کی طرف سے جہانگیر ترین نے معاہدے پر دستخط کیے تھے جبکہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ اس معاہدے کے گواہ تھے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کمیشن 2013 کے انتخابات کے غیر جانبدارانہ ہونے کی تحقیقات کرے گا۔
معاہدہ طے پانے کے بعد تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ معاہدہ تاریخی نوعیت کا ہے، جس سے لوگوں میں آئندہ انتخابات کے بارے میں اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
یاد رہے کہ گذشتہ برس تحریکِ انصاف نے گذشتہ سال اگست میں اسلام آباد میں دھرنا شروع کیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت 2013 کے انتخابات کی غیرجانب دارانہ تحقیقات کروائے۔
تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دسمبر میں پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم انھوں نے اس کے بعد کئی بار متنبہ کیا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو وہ دوبارہ احتجاج شروع کر دیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







