پشاور میں فائرنگ، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ملک کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کے مقامی رہنما کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے تھانہ یکہ توت کے علاقے خان مست کالونی میں بدھ کو مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ضلعی صدر حاجی سردار خان پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق اس حملے میں سردار خان زخمی ہوئے جنھیں لیڈی ریڈینگ ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ وہاں دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے اس حملے کی زمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے ۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے سردار خان کے مکان کے سامنے بھی بارودی مواد کا دھماکہ ہوا تھا لیکن اس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
پشاور اور دیگر علاقوں میں مکانات کے سامنے بارودی مواد کے دھماکے زیادہ تر بھتہ وصول کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔
اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا حاجی سردار کو بھی اس طرح کی کوئی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں یا نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حاجی سردار پیشے کے لحاظ سے تاجر اور مسلم لیگ کے سرگرم رکن تھے تاہم 2013 کے انتخابات کے لیے انھیں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے تین سے درخواست کے باوجود ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور میں متھرا تھانے کی حدود میں شکیل آفریدی کے وکیل سمیع اللہ آفریدی ایڈووکیٹ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔







