سوات میں کھلونا بم کا دھماکہ، باپ دو بچوں سمیت ہلاک

پولیس اہلکار کے مطابق یہ واقعہ دور افتادہ علاقے میں پیش آیا ہے
،تصویر کا کیپشنپولیس اہلکار کے مطابق یہ واقعہ دور افتادہ علاقے میں پیش آیا ہے

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس حکام کے مطابق ایک بم دھماکے میں دو بچوں سمیت تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ منگل کو مدین کے نواحی علاقے بشیگرام کے قصبے شینکو میں پیش اآیا۔

تھانہ مدین کے محرر بخت واحد نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان میں ایک باپ اور اس کا ایک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں دو مزید بچے بھی زخمی ہوئے جنھیں مدین کے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کے مطابق یہ واقعہ دور افتادہ علاقے میں پیش آیا ہے اور پولیس کے ایک ٹیم واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔

شینکو کے ایک مقامی شخص خان اکبر نے صحافی انور شاہ کو بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص ظہور محمد باہر سے ایک کھلونا نما چیز گھر لایا تھا جس کے پھٹنے سے وہ اپنے دو بچوں سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔

خیال رہے کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ماضی میں بھی کھلونا بموں کے دھماکوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں اور یہ واقعات شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کے خاتمے کے بعد بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔