بلوچستان:سرچ آپریشن کے دوران 15 عسکریت پسند ہلاک

،تصویر کا ذریعہbbc
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، فرنٹیئر کور نے کہا ہے کہ صوبے کے ضلع واشک میں ایک سرچ آپریشن کے دوران پندرہ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
اس آپریشن میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی بھی ہوئے۔
یہ سرچ آپریشن بسیمہ کے علاقے کھوڑی میں کیا گیا۔
فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق اس علاقے میں ایک شد ت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
اس اطلاع پر ایف سی کے اہلکاروں نے علی الصبح اس علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا ۔
سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد نے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
جبکہ ایف سی کی جوابی کارروائی میں 15مسلح حملہ آور بھی مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک کالعدم قوم پرست عسکریت پسند تنظیم سے ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فرنٹیئر کور کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔
ضلع واشک بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔
خیال رہے کہ ضلع واشک کی سرحد مغرب میں ایران سے ملتی ہے اور اس ضلع کے علاقے بسیمہ کی سرحدیں شورش سے سب سے زیادہ متائثرہ علاقوں آواران اور خضدار سے بھی ملتی ہیں۔
اس علاقے میں جہاں بد امنی کے دیگر واقعات رونما ہوتے رہے ہیں وہاں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں ۔







