ٹانک میں گاڑی پر فائرنگ میں مسلم لیگ نواز کے رہنما ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد نےگاڑی پر فائرنگ کی ہے جس میں ایک وکیل ہلاک اور دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب پاکستان مسلم لیگ نواز کے مقامی رہنما محمد یوسف برکی ایڈووکیٹ اور سینئر وکیل عبدالرحمان ایڈووکیٹ گاڑی میں عدالت کی جانب جا رہے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سپر مارکیٹ کے قریب گاڑی آہستہ ہوئی تو اس وقت دو مسلح نقاب پوشوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ اس حملے میں عبدالرحمان ایڈووکیٹ ہلاک جبکہ محمد یوسف ایڈووکیٹ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں وکلا کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے بظاہر یوسف برکی ایڈووکیٹ پر فائرنگ کی لیکن ایک گولی عبدالرحمان کو لگی ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یوسف برکی ایڈووکیٹ پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے ضلع ٹانک کے سینئیر نائب صدر ہیں۔
ضلع ٹانک کی سرحد ایک جانب جنوبی وزیرستان سے ملتی ہے اور دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان اور کلاچی تحصیل سے لگتی ہے۔ ٹانک میں اس سے پہلے بھی قبائلی رہبماؤں کی ٹارگٹ کلنگ اور پولیس پر حملوں کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ان دنوں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مختلف مقامات پر مکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں اور ناکے لگائے گئے ہیں۔ اس سرچ آپریشن کے دوران اب تک بڑی تعداد میں افراد کو حراست لیا گیا ہے اور مختلف مقامات سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔



