’بھارت سے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بات بدھ کو بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات حل کر لیں۔
انھوں نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’بھارت ہمارا اہم ہمسایہ ہے اور ہم اس سے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر معمول کے تعلقات چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ امریکی صدر براک اوباما کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جوہری سمجھوتے اور بات چیت پر پاکستان میں کچھ بے چینی دیکھی گئی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سیاسی اور اقتصادی مقاصد کے لیے بھارت اور امریکہ کے درمیان جوہری سمجھوتے پر عملدرآمد سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بری طرح متاثر ہوگا۔
امریکی صدر نے اس دورے میں سلامتی کونسل میں مستقل نشست دلوانے کے معاملے پر بھی بھارت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بارے میں سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ ایک ایسا ملک جو جموں اور کشمیر کے تنازعے جیسے عالمی امن اور سلامتی کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کی خلاف ورزی کرتا ہو کسی بھی طور پر سلامتی کونسل میں خصوصی حیثیت کا حقدار نہیں ہے۔







