اورکزئی ایجنسی میں مسجد پر حملہ: ایک سکاؤٹ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے کلایہ میں ایک میزائل حملے میں مسجد پر راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک سکاؤٹ ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔
اورکزئی ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر میں ڈیوٹی پر مامور لیویز اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کے خطبے کے دوران پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جیسے ہی جمعے کا خطبہ شروع ہوا، مسجد سے دو گز کے فاصلے پر دو راکٹ آ کر گرے اور نماز پڑھنے کے لیے آنے والے سکاؤٹس میں سے ایک شہید اور چار زخمی ہو گئے۔‘
لیویز اہلکار کے مطابق چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور اسے طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے ایک گھنٹہ قبل بھی مسجد سے کچھ فاصلے پر ایک راکٹ فائر ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص بھی زخمی ہوا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ ’حملے کے نتیجے میں مسجد کی بیرونی دیواریں متاثر ہوئی ہیں۔‘
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق یہ میزائل خیبر ایجنسی کی جانب سے فائر ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستانی فوج اورکزئی ایجنسی سے متصل خیبر ایجنسی میں خیبر ون کے نام سے آپریشن کر رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یکم جنوری کو لوئراورکزئی ایجنسی میں کلایہ کے قریب ہی والی بال کے میدان میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تین افراد ہلاک جبکہ نو لوگ زخمی ہو گئے تھے۔







