’فوج فوری اور منصفانہ اقدامات کرے گی‘

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں یقین دہانی کرائی ہے کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے لیے فوج قومی ایکشن پلان پر فوری اور منصفانہ اقدامات کرے گی۔

ایپکس کمیٹی کا اجلاس اتوار کو پشاور میں منعقد ہوا جس میں جنرل راحیل شریف کے علاوہ گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر صوبائی حکام نے شرکت کی۔ ایپکس کمیٹی کا مقصد حال ہی میں منظور کیے گئے قومی ایکشن پلان کے تحت ہرصوبے کی سطح پر سکیورٹی کی صورتحال پر مشترکہ اقدامات کرنا ہے۔

جنرل راحیل شریف نےگذشتہ روز صوبہ پنجاب کے حوالے سے لاہور میں ایپکش کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

جنرل راحیل شریف نے پشاور کے اجلاس میں کہا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے دوران نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان دہشت گردوں کے ساتھی معاونین اور ان سے ہمدردی رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن سے متاثر ہونے والے متاثرین کی واپسی آئندہ ماہ سے شروع کر دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لیے پاک فوج صوبائی حکومت اور فاٹا حکام کے ساتھ مل کر مرحلہ وار واپسی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

جنرل راحیل شریف نے فرنٹیئر کانسٹبلری کی کارکردگی بڑھانے کے لیے فوج کی جانب سے چار ہزار اے کے 47 قسم کی بندوقیں دینے کا وعدہ کیا۔

واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج پرحملے کے بعد سے وفاقی اور صوبائی حکومت نے فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے منصوبہ بندی کی ہے اور اس کے لیے حکومت کا کہنا ہے کہ عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

پشاور سکول پر حملے میں لگ بھگ ڈیڑھ سو بچے اور عملے کے کئی افراد ہلاک کر دیے گئےتھے۔ خیبر پختونخوا میں اس واقعے کے بعد سے اب تک تعلیمی ادارے بند ہیں۔