سوات: پہاڑی سلسلے میں سرچ آپریشن، تین اہلکاروں کی لاشیں برآمد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, سید انور شاہ
- عہدہ, سوات
خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں پولیس حکام کے مطابق منگل کو لاپتہ ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سے تین کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ضلع سوات اور ضلعی بونیر کے پہاڑی سلسلے ایلم میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کنٹرول روم کے ایک اہلکار کے مطابق منگل کی دوپہر کو ایس ایچ او اور دس پولیس اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
سرچ آپریشن بدھ کو دوبارہ شروع کیا گیا جس میں تین اہلکاروں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
تھانہ جوڑ کے ایس ایچ او انور خان زخمی حالت میں ملے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تاہم سرکاری ذرائع ابلاغ لاپتہ ہونے والے اہلکاروں کی تعداد چار بتا رہی ہے۔
کنٹرول روم کے اہلکار احمد حیات نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاع کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران اور بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ منگل کو سوات اور بونیر کے سرحدی علاقے ایلم میں سرچ آپریشن کے دوران شدت پسندوں سے جھڑپ کے بعد ایس ایچ او سمیت دس پولیس اہلکار لاپتہ ہوگئے تھے جن کے تلاش کے لیے آج دوسرے روز اس علاقے میں سرچ کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے اس علاقے میں دو پولیس اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیاتھا۔ گذشتہ کچھ عرصے سے اس علاقے میں پولیس پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔







