سبی میں بم دھماکے سے چھ افراد زخمی ہو گئے

سبی شہر اور اس کے ریلوے سٹیشن پر بم دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسبی شہر اور اس کے ریلوے سٹیشن پر بم دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جمعرات کو نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اسے ترین چوک پر کھڑا کر دیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا اور اس کے نتیجے میں دو گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی سرکاری ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

سبی کوئٹہ کے جنوب مشرق میں تقریباً 150کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس سے قبل بھی سبی شہر اور اس کے ریلوے سٹیشن پر بم دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

صوبہ بلوچستان میں گذشتہ کئی سالوں سے امن و امان کی صورت حال خراب ہے۔ صوبے میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں کے علاوہ تشدد زدہ لاشیں ملنے کے واقعات اکثر اوقات سامنے آتے ہیں۔