بلوچستان میں ایف سی اہلکار ہلاک، اسلحہ بارود برآمد

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع پنجگور میں فرنٹیئر کور نے ایک سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے ضلع کیچ کے علاقے میں ایف سی کے ایک قافلے پر حملہ کیا جس میں ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔
دوسری جانب ایف سی بلوچستان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران سے ہی متصل دوسرے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں ایک سرچ آپریشن کے دوران ایف سی نے کالعدم بلوچ عسکریت تنظیم کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔
اس سرچ آپریشن میں برآمد کیے جانے والے اسلحے میں پانچ عدد ایس ایم جیز، ایک عدد ایل ایم جی، 8 رائفلیں، 2 عدد آر پی جی سیون اور اسلحے کے ہزاروں راؤنڈز کے علاوہ 3 موٹرسائیکلیں اور پانچ گاڑیاں شامل ہیں۔
بیان کے مطابق پنجگور اور گردونواح میں یہ عسکریت پسند سکیورٹی فورسز پر حملے،اغواء برائے تاوان اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں۔
آئی جی ایف سی میجرجنرل محمد اعجاز شاہد نے کہا ہے کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے بیگناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔ دوسری جانب کالعدم بلوچ رپبلیکن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نے کیچ اور پنجگور کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے لیکن سرکاری سطح پر ان حملوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔







