کراچی: لڑکیاں پولیٹیکل ایجنٹ کے حوالے، ملزمان کی ضمانت

منگل کو اس واقعے میں پولیس نے دو خواتین اور ایک مرد کو حراست میں لیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنمنگل کو اس واقعے میں پولیس نے دو خواتین اور ایک مرد کو حراست میں لیا تھا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ایک عدالت نے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والی 26 بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں گرفتار تین ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

اس کیس کی تفتیشی ٹیم میں شامل ایس ایس پی عمران ریاض نے بی بی سی کو بتایا کہ لیاقت آباد سے بازیاب ہونے والی 26 بچیوں کو اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ محمد فیاض کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی عدالت نے تین ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

ایس ایس پی عمران ریاض کے مطابق ملزمان کے خلاف بچیوں کو حبس بےجا میں رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ’تفتیش میں مزید دو ہفتے لگ جائیں گے کہ بچیوں کو والدین نے اپنی مرضی سے یہاں بھیجا تھا یا یہ لین دین کا تنازع ہے۔‘

جمعرات کو پولیس حکام نے بچیوں کو دارالبنات منتقل کر دیا تھا اور کہا تھا کہ باجوڑ ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے ذریعے ان بچیوں کو واپس باجوڑ پہنچایا جائے گا جہاں انھیں صرف ان کے والد یا پھر سگے بھائی کے سپرد کیا جائے۔

منگل کے روز کراچی میں پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر 26 نوعمر لڑکیوں کو بازیاب کیا تھا۔

منگل کو پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر 26 نوعمر لڑکیوں کو بازیاب کیا تھا

،تصویر کا ذریعہepa

،تصویر کا کیپشنمنگل کو پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر 26 نوعمر لڑکیوں کو بازیاب کیا تھا

ان بچیوں کی عمریں آٹھ سے دس سال کے درمیان ہیں اور وہ اردو نہیں بول سکتی تھیں۔

پولیس نے چھاپے میں دو خواتین اور ایک مرد کو بھی حراست میں لیا تھا۔

ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق ان بچیوں کوگذشتہ چند برس کے دوران قرآن حفظ کروانے کے لیے باجوڑ سے کراچی لایا گیا تھا اور ان کی معلمہ اپنے ایک قرض دار کے قرض واپس نہ کرنے پر انھیں اس کے پاس چھوڑ گئی تاکہ وہ ان کے کھانے پینے کا خرچ اٹھائے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رؤف صدیقی کے مطابق حراست میں لی گئی عورت کے بقول اس نے ایک مدرسے کی استانی سے چار لاکھ روپے قرض لیا تھا اور واپس نہ کرنے کے نتیجے میں اس استانی نے یہ بچیاں اس عورت کے مکان پر بھجوا دیں کہ ان کی کفالت کرو۔