پشاور: ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
تحریکِ طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک ای میل کے ذریعے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ حملہ جمعے کی صبح پشاور شہر کے نواحی علاقے متھرا میں ورسک روڈ پر ہوا۔
پشاور کے ایس پی رورل شاکر اللہ بنگش نے بی بی سی کو بتایا کہ چھ فوجی اہلکار پشاور سے ورسک جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جونہی وہاں سے فوجی گاڑی گزری تو دھماکہ ہوا۔
پولیس افسر کے مطابق اس دھماکے دو فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جنھیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور پولیس حکام کے مطابق اس حملے میں بظاہر پانچ سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور میں حالیہ چند ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے ستمبر کے اواخر میں پشاور شہر میں فرنٹیئر کور کے ایک بریگیڈیئر کی گاڑی کو بھی خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا اور اس حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ دھماکے ایسے وقت ہوئے ہیں جب قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے عسکری تنظیموں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔







