کراچی:ایم کیو ایم کے کیمپ پر ’کریکر حملہ‘، متعدد زخمی

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی رکن سازی کیمپ پر ’کریکر‘ حملے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں تین رکن صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کی شام اورنگی ٹاؤن کے علاقے پانچ نمبر میں پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے متحدہ قومی موومنٹ کے عقب سے دھماکہ خیز مواد پھینکا جس کے باعث درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 30 ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے بی بی سی کو بتایا رکن سازی کی مہم کے سلسلے میں یہ کیمپ قائم کیا گیا تھا۔
’میری معلومات کے مطابق پانچ موٹر سائیکلوں پر سوار افراد آئے ہیں جن میں سے دو نے کریکر پھینکے اور فرار ہوگئے۔‘
واسع جلیل کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنھیں عباسی شہید ہپستال منتقل کیا گیا ہے۔
واسع جلیل نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے رضاکار اپنے طور پر نگرانی کرتے ہیں لیکن وہ غیر مسلح ہوتے ہیں۔ کیمپ کے قریب چھوٹی پولیس موبائل تعینات تھی جو واقعے کے بعد روانہ ہوگئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کی مذمت کی ہے اور آئی جی سندھ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







