بلوچستان: تشدد زدہ لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔
پشین انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تینوں لاشیں جمعہ کو ضلع کے علاقے خانوزئی سے ملیں۔ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ ہلاک کیے جانے والے تینوں افراد کے جسموں پر تشدد کے نشانات ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے ہر شخص کا سر منڈا ہوا تھا اور ہر ایک کو سر میں ایک ایک گولی مار ی گئی تھی۔
تینوں افراد کی لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوئی تاہم اہلکار کے مطابق حلیے سے وہ بلوچ معلوم ہوتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی پشین کے علاقے منزری اور افغانستان سے متصل ضلع قلعہ عبد اللہ کے علاقے حبیب زئی سے دو افراد کی لاشیں ملی تھیں۔
منزری سے جس شخص کی لاش ملی تھی وہ رواں سال جولائی کے مہینے میں لورالائی سے لاپتہ ہوا تھا۔
گزشتہ روز بر آمد ہونے والی دونوں لاشیں افغان باشندوں کی تھیں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی لاشیں چند روز بیشتر کراچی سے بھی ملی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کراچی سے بر آمد ہونے والی لاشوں کی بھی شناخت ہوگئی تھی۔
بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم ’وائس فار مسنگ بلوچ پرسنز‘ کا کہنا ہے کراچی سے برآمد ہونے والی لاشیں لاپتہ افراد کی تھیں۔







