اختلاف رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے: نواز شریف

ایم کیو ایم کے مندوبین سے ملاقات میں وزیر اعظم نے جمہوری اداروں کے استحکام کی بات کی

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنایم کیو ایم کے مندوبین سے ملاقات میں وزیر اعظم نے جمہوری اداروں کے استحکام کی بات کی

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اختلاف رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے اور اس کا مقصد ملک کی ترقی اور لوگوں کی بہتری ہونی چاہیے۔

انھوں نے یہ باتیں منگل کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مندوبین کی ایک ٹیم سے ملاقات کے دوران کیں۔

وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ایم کیو ایم کی ٹیم نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں نواز شریف سے پارلیمان میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

مندوبین سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’اختلاف رائے جمہوریت کی طاقت ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کو بحث و مباحثے کے ذریعے حل کیے جانے چاہییں اور اس کے لیے ہمارے نظام نے ہمیں بہت سارے پلیٹ فارم فراہم کر رکھے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’گذشتہ چند مہینوں کے دوران پاکستان میں مثالی جمہوریت اور قانون کی بالادستی کا مظاہرہ ہوا ہے جس میں تمام جماعتوں نے نظام کے ساتھ یکجہتی، جمہوریت کی بالادستی اور ملک میں جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔‘

ایم کیو ایم کے مندوبین کی سربراہی محمد فاروق ستار نے کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایم کیو ایم کے مندوبین کی سربراہی محمد فاروق ستار نے کی

اس ملاقات کے دوران سندھ کے خصوصی حوالے کے ساتھ مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے تمام جمہوری طور پر منتخب نمائندوں سے سندھ کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے ان سے پاکستان کے اتحاد اور ترقی کے لیے کام کرنے پر زور دیا اور دوستانہ انداز میں بات چیت کے ذریعے آپسی اختلافات کو حل کرنے کا مشورہ دیا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں جاری منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے متعلقہ شعبوں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

اس موقعے پر اطلاعات کے وفاقی وزیر پرویز رشید، ریلوے کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور وزیر اعظم کے سیاسی سیکریٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے بھی بات چیت میں شرکت کی۔