سوات میں فائرنگ، امن کمیٹی کے رکن سمیت دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما اور امن کمیٹی کے رکن محمد اشرف خان اپنے سرکاری محافظ سمیت ہلاک ہو گئے ہیں۔
سوات کی تحصیل مٹہ کے ایس ایچ او امجد خان نے بتایا کہ محمد اشرف کو سنیچر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے علاقے باماخیلہ سے مٹہ جا رہے تھے۔
حکام کے مطابق محمد اشرف کے ساتھ تعینات پولیس اہلکار بھی فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
مقامی پولیس افسر کے مطابق محمد اشرف کی ہلاکت کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سوات میں صوبے کی سابق حکمراں جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے درجنوں کارکن ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک ہو چکے ہی جس پر پارٹی کی ضلعی قیادت اور مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ سوات میں امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے لیے قائم امن کمیٹیوں کے ارکان کو بھی شدت پسندی کے واقعات میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سوات میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں کرفیو کا نفاذ اور سرچ آپریشن کیے جاتے ہیں۔
وادی میں گذشتہ کچھ عرصے سے شدت پسندی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سوات کے ہی علاقے مدین میں جمعرات کو پولیس کی سپیشل فورس کے اہلکار کی ہلاکت کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا جسے بعد میں جمعے کو اٹھا لیا گیا۔







