وزیر اعظم نااہلی: لارجر بینچ کی تشکیل کی درخواست

- مصنف, شمائلہ جعفری
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں وزیراعظم کی نااہلی کے بارے میں درخواست کی سماعت کے لیے لارجر بینچ کی تشکیل سے متعلق درخواست دائر کی گئی ہے۔
یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے وکیل گوہر سندھو کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے جس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔
گذشتہ روز جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کے بارے میں تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خان خاکوانی، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور ایڈووکیٹ گوہر سندھو کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے لارجر بینچ کے قیام کی استدعا کو مسترد کر دیا تھا۔
درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ میں احتجاجی جماعتوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کےحوالے سے فوج کے کردار کے بارے میں غلط بیانی کی تھی اس لیے وہ آئین کی شق 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے قابل نہیں رہے اس لیے انھیں نااہل قرار دیا جائے۔
آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق ارکان اسمبلی کا صادق اور امین ہونا ضروری ہے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا تھا کہ لارجر بینچ بنانے کا اختیار صرف چیف جسٹس آف پاکستان کو حاصل ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس مقصد کے لیے نئی درخواست دائر کی جائے۔
جس کے بعد آج سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ بنانے کے لیے نئی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔



