جمرود میں چیک پوسٹ پر حملہ، ’چھ شدت پسند ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق خیبر ایجنسی کی جمرود تحصیل میں یہ واقعہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق جمرود تحصیل کے علاقے غنڈئی میں شدت پسندوں نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھ شدت پسند ہلاک کردیے۔
غنڈئی کا علاقہ جمرود بازار کے قریب واقع ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس علاقے میں تلاشی کا کام شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے بھی خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں اپنے تین سینیئر کمانڈروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ طالبان نے پشاور میں چار دن قبل پشاور میں فرنٹیئر کور کے بریگیڈیئر خالد کے قافلے پر ہونے والے حملہ بھی اپنے انھی کمانڈروں کے ہلاکت کے بدلے میں کیا تھا۔



