جمرود میں فائرنگ سے سکول ٹیچر ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک استانی کو ہلاک کر دیا ہے۔
خیبر ایجنسی کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو تحصیل جمرود کے علاقے ساکس میں پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہناز نازلی پشاور کی رہائشی تھیں اور ساکس کے قریب اعجاز کلے میں ایک کمیونٹی سکول میں استانی تھیں۔
انتظامیہ کے بقول شہناز جب مسافر وین سے ساکس کے علاقے میں اتریں تو ان پر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوئیں۔
یاد رہے کہ خیبرایجنسی میں اس سے پہلے بھی غیر سرکاری تنظیموں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
پچھلے سال جولائی میں خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم سویرا کی خاتون منیجر کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔
فریدہ آفریدی قبائلی علاقوں میں خواتین کی تعلیم و تربیت اور حقوق کے لیے سرگرم غیر سرکاری تنظیم سویرا کی ایچ آر منیجر تھیں۔
ان کا تعلق سویرا تنظیم کے بانی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ چوبیس سالہ فریدہ آفریدی جمرود کے ایک پسماندہ علاقے غنڈی مندتو کلی سے تعلق رکھتی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







