ایم کیو ایم کی رہنما اسمبلی و پارٹی سے مستعفی

متحدہ قومی موومنٹ کی رکن سندھ اسمبلی ارم فاروقی نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اظہار انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ سیٹ نہیں بلکہ احترام میری اولیت تھی، الطاف بھائی نے مجھے بہت عزت بخشی میں اس جماعت سے محبت کرتی ہوں لیکن ذہنی دباؤ برداشت نہیں کرسکتی۔
’میں الطاف بھائی سے محبت کرتی ہوں لیکن موقعہ پرست لوگوں کے ساتھ کام نہیں کرسکتی جو میری جماعت کو تباہ کر رہے ہیں، میں ہر کسی کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ میں مستعفی ہو رہی ہوں اور پارٹی چھوڑ رہی ہوں۔‘
انھوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ایک شعر بھی تحریر کیا ہے۔
ہزاروں منزلیں ہوں گی، ہزاروں کاررواں ہوں گے
نگاہیں ہم کو ڈھونڈیں گی نجانے ہم کہاں ہوں گے
یاد رہے کہ گذشتہ چند سالوں میں ارم فاروقی کی دوسری رکن اسمبلی ہیں جس نے پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے، اس سے پہلے نادیہ گبول مستعفی ہوئی تھیں جو بعد میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئیں۔
ارم فاروقی نے ایم کیو ایم کے اندر بد انتظامی کی ان اطلاعات کو تقویت بخشی ہے جس کا اظہار جماعت کے سربراہ الطاف حسین نے ورکز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







