پی کے 68 میں احتشام جاوید اکبر کی برتری

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 68 میں پیر کو ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی جس میں غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار احتشام جاوید اکبر کو برتری حاصل ہے۔
اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احتشام جاوید اکبر کا مقابلہ ایک ایسے آزاد امیدوار سے ہے جنھیں چار اہم سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔
احتشام جاوید اکبر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہیں جبکہ سینیئر سیاستدان مخدوم مرید کاظم کو نواز لیگ، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام حمایت حاصل ہے۔ ان جماعتوں کے رہنما ان کے انتخابی جلسوں میں جا کر لوگوں سے ان کے حق میں وہ ڈالنے کو کہتے رہے۔
یہ نشست جاوید اکبر خان کوجعلی ڈگری کیس میں نا اہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس حلقے میں بظاہر تو سولہ امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ ان دو امیدواروں کے درمیان بتایا جاتا ہے۔
پولنگ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات دیکھے گئے جہاں 31 پولینگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی کے احتشام جاوید اکبر کو اپنے مخالف پر کم سے کم 4000 وٹوں کی برتری حاصل تھی۔



