سیالکوٹ سیکٹر: ’بھارتی فائرنگ میں تین افراد زخمی‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے شہر سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری پر چارہ اور چپراڈ سیکٹر کے سرحدی علاقوں پر بھارتی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پنجاب رینجزز کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے پیر کو علی الصبح بلا اشتعال فائرنگ کےنتیجے میں کئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
خیال رہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ برس ایک دوسرے کے کنٹرول والے علاقوں میں داخل ہوکر تشدد کرنے کے واقعات سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں تلخی پیدا ہوگئی تھی۔
بی جے پی کی قیادت والی نئی بھارتی حکومت کے وزیرِ دفاع ارون جیٹلی نے بھی کشمیر کے دورے کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ ایل او سی کے ذریعے دراندازی کرنے والے مسلح افراد کو پاکستان کی پشت پناہی حاصل ہے۔
واضح رہے گذشتہ برس چھ اگست کو لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں مسلح افراد نے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور ایل او سی پر بھی دونوں افواج کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
دس سال قبل دونوں ممالک نے 740 کلومیٹر طویل لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا۔
اس کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے نیویارک میں اپنی ملاقات کے بعد یہ طے کیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو ختم کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







