پشاور میں ہلاکتیں، وزیراعلیٰ آزادی مارچ میں

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارشوں سے ہونے والی ہلاکتوں اور نقصان کے بعد یہ سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ وفاقی حکومت گرانے اسلام آباد میں دھرنے دے رہے ہیں جبکہ ان کے اپنے صوبے میں شہریوں کے مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں۔
ذرائع ابلاغ میں خاص طور پر سوشل میڈیا پر اس بارے میں بحث جاری ہے کہ وزیراعلیٰ اور کابینہ کے ارکان کی غیر موجودگی میں اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کے ارکان بھی غائب تھے۔
گذشتہ روز جمعے کی شام اچانک طوفانی بارش اور آندھی سے متعدد مکانات کی چھتیں منہدم ہونے کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد اب 18 تک پہنچ گئی ہے جس میں 15 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ تین افراد نے ہسپتال میں دم توڑا۔
ڈی ایم ایس ایڈمن لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹر صبحانی کے مطابق بیشتر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 11 افراد ابھی بھی ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اور ریسکیو حکام نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو ملبے تلے سے نکالا اور انھیں ہسپتال پہنچایا۔
بارش سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات ذرائع ابلاغ میں زیادہ کوریج حاصل نہیں کر سکے کیونکہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے لیے بریکنگ نیوز اور تجزیے جاری تھے۔
اس دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور ان کی کابینہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا کہ ان کے اپنے شہر میں لوگوں کی چھتیں گر گئی ہیں جبکہ وہ وفاقی حکومت گرانے اسلام آباد میں دھرنے میں شریک ہیں۔
یہاں یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ کہیں بھی اس طرح کا کوئی واقعہ پیش آ جائے تو وزیراعلیٰ خود ہر جگہ نہیں پہنچ سکتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک شہری نے کہا کہ صوبائی سطح پر قدرتی آفات سے نمنٹے کا ادارہ پی ڈی ایم اے یا دیگر انتظامی افسران کو چاہیے تھا کہ وہ فوراً لوگوں کی امداد کرتے لیکن وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ارکان کی غیر موجودگی میں وہ بھی ٹی وی پر آزادی مارچ دیکھنے میں مصروف رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے اور انتظامیہ کو لوگوں کی مدد کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
اگر یہ فرض کیا جائے کہ وزیر اعلی اس آزادی مارچ میں شرکت کے لیے نہ جاتے تو ذرائع ابلاغ میں کیا خبریں آتیں کہ عمران خان کے ساتھ تو ان کے اپنے وزیراعلیٰ بھی نہیں گئے اور یہ کہ عمران خان اپنی حکومت کو تو اس میں شامل نہیں کر رہے ہیں جبکہ دوسرے صوبوں میں حالات خراب کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہ
اس موقعے پر پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں نے سیاسی فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کی اور وزیراعظم نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے قیام کے بعد سے 12 ماہ میں خیبر پختونخوا میں کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا تو اب اچانک انھیں خیبر پختونخوا کی یاد کیسے آگئی۔
اس معاملے پر یہ بحث کرنا بالکل ویسا ہے جیسے ایک فلم میں ایک سیاستدان اپنے سیکریٹری سے پوچھتا ہے کہ بتاؤ وزیراعلیٰ حادثے کے مقام پر کیسے جا رہے ہیں اگر جہاز میں جا رہے ہیں تو بیان دو کہ لوگ مر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ جہاز کی سیر کر رہے ہیں اور اگر سڑک کے راستے جا رہے ہیں تو بیان دو کہ ایک طرف لوگ مر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ خراماں خراماں اس مقام پر پہنچ رہے ہیں۔
اکثر تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ حالات میں اس بارے میں بیان بازی صرف سیاسی داؤ پیچ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔







