پشاور میں طوفانی بارش سے 18 افراد ہلاک

تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے اور درخت بھی گرے جس سے بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے :( فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنتیز آندھی سے بجلی کے کھمبے اور درخت بھی گرے جس سے بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے :( فائل فوٹو)
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارش اور آندھی سے درجنوں عمارتیں منہدم ہونے کے نتیجے میں کم سے کم 18 افراد ہلاک اور 71 افراد زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔

گذشتہ روز شام کے وقت اچانک طوفانی بارش اور آندھی سے متعدد مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں اس واقعے میں اٹھارہ ہلاکتوں میں سے پندرہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے اور تین ہسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔

ڈی ایم ایس ایڈمن لیڈی ریڈنگ ہسپتال ڈاکٹر صبحانی کے مطابق بیشتر زخمیوں کو امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے تاہم گیارہ ابھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تیز آندھی اور بارش سے پشاور کے علاقے نوتھیہ، صدر، وزیر باغ فقیر آباد، لاہوری گیٹ اور دیر کالونی میں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

نوتھیہ میں بارش سے بچنے کے لیے لوگوں نے ایک چھت کے نیچے پناہ لی جس کے گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔

پشاور میں ریسکیو ٹیم کے سربراہ عروج شیرازی نے بتایا کہ نوتھیہ میں لیو بابا کے مقام پر ایک گلی میں دو منزلہ عمارت گرنے سے زیادہ نقصان ہوا جہاں سے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں ریسکیو کی 12 ایمبولینسز اور تین ریسکیو گاڑیاں کام کر رہی ہیں۔

تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے اور درخت بھی گرے جس سے بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ۔