ماڈل ٹاؤن : گلو بٹ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پولیس آپریشن کےدوران پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کے مقدمے میں گلو بٹ اور چار پولیس اہلکاروں کو پانچ روزہ جسمانی پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیر کو تھانہ سبزہ زار کے ایس ا یچ او، ایک سب انسپکٹر اور ایلیٹ فورس کے دو کانسٹیبلوں کو ہتھکڑیوں میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ ملزمان سے یہ تفتیش کرنی ہے کہ انھوں نے کس کے حکم پر فائرنگ کی اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم ان پولیس افسروں سے ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر حملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
اس حملے میں پولیس کی مبینہ فائرنگ اور تشدد سے کم از کم دس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
پاکستان عوامی تحریک نے پولیس تفتیش کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا کہ جب تک شہباز شریف اپنے عہدے پر موجود ہیں منصفانہ تفتیش یا انکوائری نہیں ہوسکتی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان عوامی تحریک نے ہائی کورٹ کے جوڈیشل ٹریبونل کا بھی بائیکاٹ کررکھا ہے۔
ہائی کورٹ کے ٹریبونل نے پیر کو مزید شہادتیں قلمبند کیں۔ سپیشل برانچ، انٹیلجنس بیورو اور آئی ایس آئی کے افسروں نے سی ڈیز پیش کیں جو ریکارڈ کا حصہ بنا لی گئیں۔
آئی ایس آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ان 18 ٹیلی فون نمبرز کی فہرست پیش کی جن پر پولیس افسران کی پنجاب کے حکام سے بات ہوتی رہی۔
ٹریبونل نے متعلقہ موبائل فون کمپنیوں سے ان نمبروں کا ڈیٹا طلب کیا ہے۔
ادھر انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پولیس کے ساتھی گلو بٹ کو بھی پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ گلو بٹ سے وہ ڈنڈا تو برآمد ہوگیا ہے جس سے وہ 17 جون کو لوگوں کی گاڑیاں توڑتے رہے البتہ پستول برآمد ہونا باقی ہیں۔
پولیس نے گلو بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کردی ہے۔







