’جشنِ آزادی کی تقریب ڈی چوک پر کریں گے‘

ماضی میں مختلف حکومتوں کے دور میں اسلام آباد کے ڈی چوک میں جشن آزادی کی تقاریب کا انعقاد ہوتا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAPP

،تصویر کا کیپشنماضی میں مختلف حکومتوں کے دور میں اسلام آباد کے ڈی چوک میں جشن آزادی کی تقاریب کا انعقاد ہوتا رہا ہے

پاکستان کی وفاقی حکومت نے اس سال 14 اگست کو جشن آزادی کی مرکزی تقریب دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات پرویز رشید نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ماضی کی اس روایت کو دوبارہ بحال کیا ہے اور اس سلسلے میں (جشنِ آزادی) کی ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ماضی میں مختلف حکومتوں کے دور میں اسلام آباد کے ڈی چوک میں جشن آزادی کی تقاریب کا انعقاد ہوتا رہا ہے تاہم گذشتہ چند سالوں میں سکیورٹی خدشات اور فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروفیات کے پیشِ نظر ان تقریبات کا انعقاد نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان بھی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس سال 14 اگست کو اسلام آباد کے ہی ڈی چوک میں گذشتہ سال انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایک ریلی نکالیں گے۔

ذشتہ چند سالوں میں سکیورٹی خدشات اور فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروفیات کے پیشِ نظر ان تقریبات کا انعقاد نہیں کیا جاتا رہا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنذشتہ چند سالوں میں سکیورٹی خدشات اور فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروفیات کے پیشِ نظر ان تقریبات کا انعقاد نہیں کیا جاتا رہا

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں قومی اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام جماعتوں کو دعوت دی جائے گی جس میں پاکستان تحریکِ انصاف کو بھی بلایا جائے گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی ریلی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میری عمران خان سے درخواست ہے کہ پاکستان کے مورچے کو کمزور نہ کریں اور یومِ آزادی کو یومِ بربادی کا تصور نہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ آزادی کے روز پاکستانی قوم منتشر نظر نہیں آنی چاہیے۔

پرویز رشید نے کہا کہ ’سڑکوں پر یلغار کی سیاست ملک کے لیے نقصان دے ہے۔‘ انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہویے کہا کہ ملک اس وقت حالتِ جنگ میں ہے، جب تک آپریشن جاری ہے آپ اپنا محاذ چھوڑ دیں۔

شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے بارے میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ فوج کو تمام تر وسائل فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ فوج کے خلاف غلط فہمیاں پھیلانے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق پرویز رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج پر اس وقت تنقید کرنا دہشتگردوں کی حمایت کے برابر ہے۔