یونس خان کے لیے قواعد میں تبدیلی

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سینٹرل کنٹریکٹ کے قواعد وضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان کو اے کیٹیگری میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے کرکٹروں کی کیٹیگری کا تعین کرنے والی تین رکنی کمیٹی نے پانچ جون کو سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے وقت یونس خان کو بی کیٹیگری دی تھی۔
اس کمیٹی میں ذاکر خان، محمد اکرم اور معین خان شامل تھے۔
یونس خان کو بی کیٹیگری دیے جانے پر اس کمیٹی کو مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن کمیٹی کے ارکان نے یونس خان کو بی کیٹیگری دیے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے واضع کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق قرار دیا تھا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے یونس خان کو اے کیٹیگری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یونس خان اے کیٹیگری دیے جانے کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔
بی بی سی کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جب سینٹرل کنٹریکٹ کی کمیٹی نے تمام ناموں کو حتمی شکل دی تو اس وقت بھی نجم سیٹھی یونس خان کو بی کیٹیگری دیے جانے پر کمیٹی سے متفق نہیں تھے۔
قواعد کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں کسی بھی کرکٹر کی اے کیٹیگری میں شمولیت کی یہ شرط رکھی گئی تھی کہ وہ تینوں طرز کے میچ کھیل رہا ہو یا کسی بھی فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کا کپتان ہو۔
اس کے علاوہ کم ازکم دو فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے اور کم ازکم 50 ٹیسٹ میچوں یا پھر کم ازکم دو سو ون ڈے انٹرنیشنل ضرور کھیلے ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یونس خان نے پاکستان کی طرف سے اب تک 89 ٹیسٹ اور 253 ون ڈے انٹرنیشنل اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں لیکن اس وقت وہ صرف ایک فارمیٹ یعنی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
وہ ماضی میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی قیادت بھی کر چکے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 2009 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا۔







