مودی کی والدہ کے لیے نواز شریف کا تحفہ

وزیر اعظم مودی کی والدہ گجرات میں رہتی ہیں

،تصویر کا ذریعہpti

،تصویر کا کیپشنوزیر اعظم مودی کی والدہ گجرات میں رہتی ہیں
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، دہلی

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کے لیے ایک ساڑھی بھیجی ہے۔

مودی نے اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کے لیے تحفے میں ایک شال دی تھی۔

مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ’نواز شریف جی نے میری والدہ کے لیے ایک بہت اچھی سفید ساڑھی بھیجی ہے۔ میں ان کا تہہ دل سے ممنون ہوں۔‘

مودی نے اس پیغام میں ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میں یہ ساڑی جلد ہی اپنی والدہ کو بھیجوں گا۔‘

وزیر اعظم مودی کی والدہ ریاست گجرات میں رہتی ہیں۔انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل مودی دعائیں لینے کے لیے اپنی والدہ سے ملنے گئے تھے۔

حلف برداری کے بعد مودی سے اپنی ملاقات میں نواز شریف سے اس ملاقات کا ذکر کیا تھا۔ مودی نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ’والدہ سے میری ملاقات کے منظر سے نواز شریف اور ان کی والدہ بہت متاثر ہوئی تھیں۔ انھوں (نواز شریف ) نے مجھے بتایا کہ اس ملاقات کے منظر کو دیکھ کر ان کی والدہ جذباتی ہو گئی تھیں۔‘

مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی والدہ کے لیے ایک شال بھیجی تھی۔

مودی کو اپنی ماں کے ساتھ دیکھ کر نواز شریف کی ماں جذباتی ہو گئی تھیں

،تصویر کا ذریعہMaryam Nawaz Sharif

،تصویر کا کیپشنمودی کو اپنی ماں کے ساتھ دیکھ کر نواز شریف کی ماں جذباتی ہو گئی تھیں

نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں لکھا تھا کہ’وزیراعظم مودی صاحب میری دادی کے لیے یہ خوبصورت شال بھیجنے کے لیے بہت بہت شکریہ۔ میرے والد نے یہ شال خود جا کر دادی کو دی۔‘

ساڑھی سے متعلق وزیراعظم مودی کا ٹویٹ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے ذریعے انھوں نے اپنی حلف برداری کے موقعے پر پاکستان کے وزیراعظم کے ساتھ رابطے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اسے جاری رکھا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں ملکوں کے خارجہ سکریٹریوں میں جلد ہی ملاقات ہونے والی ہے جس میں مستقبل کی بات چیت کے لیے ایک خاکہ تیار کیا جائے گا۔

وزیراعظم مودی ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے نیویارک جائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی مذاکرات کے لیے اس موقعے کو بہترین سمجھا جا رہا ہے۔

دونوں جانب سے ابھی نیویارک کے دورے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں لیکن مودی کی امریکہ کے صدر براک اوباما سے ملاقات کا وقت اور دوسری تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں یہ معلوم ہو سکے گا کہ دہلی کے بعد نیویارک میں مودی اور نواز شریف کی ملاقات ہو سکے گی یا نہیں۔