’الطاف کو گرفتار نہیں کیا گیا، گھر میں بیان قلمبند کیا گیا ہے‘

،تصویر کا ذریعہ
لندن میں ایم کیو ایم کے رہنما کی منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتاری کے بارے میں ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ پولیس نے ان سے ان کی رہائش گاہ پر ہی ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ایم کیو ایم کی سرکاری ویب سائٹ پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی طرف سے لندن میں ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی گرفتاری کی تردید کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین اپنے گھر پر تاحال موجود ہیں اور ایم کیوایم کے وکلا پولیس سے رابطے میں ہیں۔
انھوں نے ایم کیوایم کے تمام کارکنوں، ماؤں، بہنوں، بزرگوں، نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں، ہر قیمت پر پرامن رہیں، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ادھر کراچی اور حیدرآباد میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ہنگامی پریس کانفرنس طلب کی گئی ہے۔
لندن میں ایم کیو ایم کے سربراہ کی ’گرفتاری‘ کی اطلاعات کے بعد کراچی کے تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند ہوگئے ہیں جبکہ سی این جی سٹیشنوں اور پیٹرول پمپوں نے بھی کاروبار معطل کر دیا ہے۔
کراچی میں ہمارے نامہ نگار کے مطابق غیر یقینی صورتِ حال میں ہر شخص نے گھر کا رخ کر لیا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بعض علاقوں میں شدید فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کے شہر حیدر آباد میں بھی تمام دکانیں اور بازار بند ہو چکے ہیں، جگہ جگہ ٹائر جلائے جا رہے ہیں اور مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ جاری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو چکی ہے اور شہر میں جاری امتحانات کو اچانک منسوخ کر دیاگیا ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے وجہ سے لوگ پیدل ہی گھروں کو جا رہے ہیں۔







