کراچی: رینجرز ہیڈ کوارٹر کے باہر دھماکہ

،تصویر کا ذریعہAFP
کراچی میں رینجرز کے مقامی ہیڈکوارٹر کے باہر ایک دھماکے میں کم سے کم پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں، نارتھ ناظم آباد میں واقع اس ہیڈکوارٹر کو حالیہ عرصے میں تیسری بار نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جو سچل رینجرز ہیڈکواٹر کے قریب کھڑی کی گئی تھی، اس دھماکے میں پانچ کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔
ایس ایس پی وسطی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ حملے کا کوئی مخصوص ہدف نہیں تھا، تاہم یہ دھماکہ رینجرز ہیڈکواٹر کے قریب ہوا جہاں پہلے بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔
جائے وقوع کے قریب چند نجی اسکول بھی موجود ہیں جہاں طالب علم دھماکے کے باعث خوفزدہ ہوگئے جس کے بعد اسکولوں میں قبل از وقت چھٹی دے دی گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو عباسی شہید ہپستال منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت امن امان کے بارے میں اجلاس کے بعد کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں رینجرز نے کالعدم تحریک طالبان کے ایک مقامی کمانڈر سمیت چار کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔



