کارکنوں کو روکاگیا تو جمہوریت کو خطرہ

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کے لیے آنے والوں کو روک کر حکومت خود جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی جانب جائے گی۔
عمران خان نے یہ بات اسلام آباد میں ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شرکا کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے سے نہیں روک سکتی۔
’حکومت میری جماعت کے کارکنوں کو نہیں روک سکتی اور اگر روکا گیا تو وہ پولیس کا مقابلہ کریں گے۔ میں اپنے کارکنوں کو ایک بار پھر کہتا ہوں کہ وہ پرامن رہیں لیکن ڈی چوک ہر حال میں پہنچنا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت اسلام آباد میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کر کے جمہوری حق استعمال کر رہی ہے۔ ’ہماری جماعت نے ملک میں درمیانی مدت کے انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ گیارہ مئی کو وہ چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کریں گے اور لائحہ عمل دیں گے کہ کیسے ملک میں جمہوریت مستحکم ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت لائحہ عمل پیش کرے گی اور حکومت کو ڈیڈ لائنز دے گی کہ کون سے اقدام کس تاریخ تک مکمل ہو جانا چاہیے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستان کی الیکشن مشینری میں ’نیوٹرل امپائر‘ کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاکہ احتجاج کرنا سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے تاہم اسے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ۔
تاہم وزیر اطلاعات نے واضح طور پر کہا کہ کسی حلقے کی طرف سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کے شرکاء کی تلاشی کے لیے نہ صرف ’واک تھرو گیٹس‘ لگائے جائیں گے بلکہ باردو کی بو سونگھ کر اس کا پتہ لگانے والے کتوں کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
اس سے قبل وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اعلان کیا تھا کہ جلوس میں شرکت کے لیے آنے والی اگر کسی گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا یا اس میں کوئی بچہ سوار ہوا تو پوری گاڑی کو روک لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ تحریکِ انصاف کے علاوہ مولانا طاہر القادری کی جماعت پاکستانی عوامی تحریک بھی اسی دن راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی ریلیاں منعقد کر رہی ہے۔







