خیبر: تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری، ’16 شدت پسند ہلاک‘

بعض مقامی ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بتائی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبعض مقامی ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بتائی ہے
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری میں کم سے کم 16 شدت پسند ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

پشاور میں ایک اعلیٰ فوجی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ کارروائی جمعرات کی صبح فجر کی نماز کے بعد وادی تیراہ کے علاقے کوکی خیل میں کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے دو مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں کم سے کم 16 شدت پسند ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ مرنے والے شدت پسند اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے، پشاور اور چارسدہ میں فوج اور پولیس پر ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔ انھوں نے کہا کہ کارروائی میں عسکریت پسندوں کے کئی مراکز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

بعض مقامی ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بتائی ہے۔ تاہم سرکاری طور پر 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو سکی ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے حکومت کے ساتھ کی گئی جنگ بندی میں مزید توسیع نہ کرنے کے اعلان کے بعد سکیورٹی فورسز کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف یہ پہلی فضائی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔

اس سے قبل پشاور اور چارسدہ میں مسلح افراد کی طرف سے فوج اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور بم حملے کیے گئے تھے جس میں سات اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ان کارروائیوں سے بظاہر لگ رہا ہے کہ فریقین ایک دوسرے کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے صف آرا ہوگئے ہیں۔