کوئٹہ میں دو ہزارہ شیعہ افراد فائرنگ میں ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ہزارہ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افرادکو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد کو ہفتے کی شام نامعلوم مسلح افراد نے سریاب روڈ کے علاقے میں واقع بس ٹرمینل پر ان افراد کو نشانہ بنایا۔
سریاب پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ فائرنگ سے ایک شخص جائے وقوعہ پر ہلاک ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ زخمی شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
دوسری جانب ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے دونوں افرادکی ہلاکت کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان کے مطابق سریاب روڈ پر کراچی جانے والے دو ہزارہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کرنے کے بعد ہلاک کیا گیا۔



