نوجوانوں پر منفی اثرات، بعض پروگرام بند کرنے کا مطالبہ

،تصویر کا ذریعہcoke studio
- مصنف, ایوب ترین
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بعض نجی ٹی وی چینلوں سے نشر ہونے والے ان پروگراموں پر فوری پابندی عائد کی جائے جس کے نتیجے میں نوجوان نسل کے بگڑ جانے کے خدشات زیادہ ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
ایوان میں صاحبزادہ طارق اللہ، شیراکبر خان، صاحبزادہ محمد یعقوب اور عائشہ سید نے ایک قرار داد پیش کی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بعض نجی ٹی وی چینلز سے پاکستان آئیڈل اور دیگر ایسے پروگرام دکھائے جا رہے ہیں جو نوجوان نسل کی اخلاقی اقدار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قرارداد کے محرک صاحبزادہ طارق اللہ نے ان پروگراموں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 100 سے زیادہ ٹی وی چینلز ہیں اور ان چینلز کے تقریباً ہر پروگرام میں فحاشی اور عریانی کے سوائے کچھ نظر نہیں آتا ہے۔سارا دن ناچ گانے اور میوزک کے پروگرام چلتے ہیں جس سے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت آفتاب شیخ کا کہنا تھا کہ بہت سے ایسے پروگرام ہوتے ہیں جو گھر کے دیگر افراد کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ پروگراموں پر پابندی کے حق میں نہیں ہے لیکن ان ٹی وی چینلز کو چاہیے کہ ازخود ایسے غیراخلاقی پروگراموں کو بند کر کے اپنی اصلاح کر لیں۔
تاہم حزب اختلاف کی جماعت پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون رہنما شفگتہ جمانی نے قرارداد کی سخت الفاظ میں مخالفت کی اور کہا کہ ٹی وی پر پاکستان آئیڈل اور دیگر پروگراموں میں جوکچھ دکھایا جا رہا ہے وہ صرف اور صرف تفریحی پروگرام ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے جس میں ہر شخص دہشت گردی کے علاوہ غربت مہنگائی اور دیگر مسائل سے دوچار اور پریشان حال ہے۔ایسی صورتحال میں اگر اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں تو یہ ایک خوش آئند بات ہے کیونکہ اس سے پاکستان کا نام روشن ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بقول شگفتہ جمانی کے کہ ہمیں اتنا بھی قدامت پرست نہیں ہونا چاہے کہ پاکستان آئیڈل جیسے پروگراموں پر پابندی لگا دیں۔
آزاد رکن اسمبلی جمشید دستی نے الیکڑانک میڈیا کے نگراں ادارے پیمرا سے کئی ٹی وی پروگراموں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان میں تمام ٹی وی چینلز بے لگام ہو چکے ہیں۔کیونکہ 61 ٹی وی چینلز ایسے ہیں جو حکمرانوں کی خوشامد اور ان کے حق میں سب کچھ چلاتے ہیں۔جس پر حکمران خاموش ہیں اور وہ جو کچھ دکھائےگا پیمرا ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آئیڈل ایک ٹی وی پروگرام ہے جس کے ذریعے ملک کے بیشتر حصوں کے نوجوانوں میں موسیقی اور زندگی کے دیگر شعبوں سے متعلق موجود صلاحیتوں کو تفریج کے انداز اجاگر کیا جا رہا ہے۔







